کویت میں ایک ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے نئے آف شور ذخائر دریافت

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 18 اکتوبر 2025 15:20

کویت میں ایک ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے نئے آف شور ذخائر دریافت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 اکتوبر 2025ء) دارالحکومت کویت سٹی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کویت آئل کمپنی کی طرف سے بتایا گیا کہ اس خلیجی ریاست کے قریبی سمندری علاقے کی تہہ کے نیچے دریافت کردہ قدرتی گیس کے یہ نئے ذخائر ملکی قدرتی وسائل میں ایک بڑا اضافہ ثابت ہوں گے۔

قومی ملکیت میں کام کرنے والی کویت آئل کمپنی کویت پٹرولیم کارپوریشن (کے پی سی) کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جس کی طرف سے بتایا گیا کہ کویتی ''آف شور علاقے میں تیل اور گیس کی تلاش کے دوران قدرتی گیس کے جزہ فیلڈ کے حوالے سے دریافت ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

‘‘

چالیس مربع کلومیٹر پر پھیلے ہوئے گیس کے ذخائر

کویت آئل کمپنی (کے او سی) کی طرف سے مزید کہا گیا کہ قدرتی گیس کے یہ ذخائر ایک ایسے گیس فیلڈ میں موجود ہیں، جو 40 مربع کلومیٹر (15 مربع میل) علاقے پر پھیلا ہوا ہے اور ''اب تک کے اندازوں کے مطابق اس گیس فیلڈ میں تقریباﹰ ایک ٹریلین کیوبک فٹ گیس موجود ہے۔

(جاری ہے)

‘‘

ماہرین کی طرف سے اخذ کیے گئے ابتدائی نتائج کے مطابق اس گیس فیلڈ سے حاصل ہونے والی ''روزانہ پیداوار 29 ملین کیوبک فٹ سے زیادہ‘‘ رہے گی۔

کویت بہت تھوڑی آبادی والی خلیج فارس کی ایک ایسی عرب ریاست ہے، جس کے پاس تیل کی دولت تو بےتحاشا ہے مگر ساتھ ہی وہ اپنے ہاں قدرتی گیس کی پیداوار میں اضافے پر بھی تیزی سے کام کر رہی ہے۔

کویت پٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین اور کویتی وزیر تیل طارق سلیمان الرومی نے گیس کے ان نئے ذخائر کی دریافت کو انرجی سکیورٹی اور پیداوار میں اضافے کے قومی اہداف کے حصول میں معاون ''ایک اہم اسٹریٹیجک قدم‘‘ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا، ''ہم اس وقت پوری کوشش میں ہیں کہ نئے آف شور فیلڈز کو تیزی سے ترقی دے کر انہیں جلد از جلد توانائی کے ذرائع کے قومی پیداواری نظام کا حصہ بنا دیا جائے، جس سے ملکی اقتصادی ترقی میں بھی تیزی آئے گی اور قومی سطح پر روزگار کے بہت سے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔‘‘