سینئر سیاستدان اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر مرحوم الٰہی بخش سومرو کی پہلی برسی منائی گئی

پیر 27 اکتوبر 2025 19:55

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2025ء) سینئر سیاستدان اور قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر مرحوم الٰہی بخش سومرو کی پہلی برسی جیکب آباد کے سومرو ہاؤس میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی سے ہوا جس کے بعد خصوصی دعا میں مرحوم کے درجات کی بلندی، ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں، تقریب میں مرحوم کے صاحبزادے اور نجی بینک کے سابق صدر زبیر احمد سومرو، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سردار زادہ مولابخش سومرو، آپسا کے مرکزی رہنما میر محبوب علی سومرو، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما میر راجا خان جکھرانی، شہری اتحاد کے صدر محمد یاسر ابڑو، آپسا ضلع جیکب آباد کے صدر حاجی گل حسن سومرو سمیت دیگر سیاسی، سماجی و عوامی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم الٰہی بخش سومرو ایک باوقار، ایماندار اور مدبر سیاستدان تھے جنہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوریت کی بالادستی اور ایوانوں کے وقار کو برقرار رکھا ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، زبیر احمد سومرو نے کہا کہ میرے والد نے ہمیشہ سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا وہ اصولوں کے پکے اور وطن سے بے پناہ محبت رکھنے والے شخص تھے، سردار زادہ مولابخش سومرو نے کہا کہ الٰہی بخش سومرو نے اپنے سیاسی کیریئر میں دیانت، شرافت اور رواداری کی مثال قائم کی آج ان کی یاد ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔