این اے حلقہ 126 میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

ہفتہ 8 نومبر 2025 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2025ء) صدر مسلم لیگ ن لاہور و ممبر قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی زیر صدارت حلقہ این اے 126 میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، کنٹریکٹرز، لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن (MCL) اور نیسپاک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں حلقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصاً سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج نظام کی بہتری اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں ملک سیف الملوک کھوکھر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں ترقیاتی کاموں کا موقع پر جا کر جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جاری منصوبوں میں معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم بعض مقامات پر سست روی کے باعث برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ترقیاتی کاموں کا مقصد عوام کو سہولیات کی فراہمی ہے، اس لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں۔ مزید برآں، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔