فیصل آباد،کاشتکاروں کو لوسرن کی بوائی 15 نومبر تک کرنے کی ہدایت

پیر 10 نومبر 2025 12:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو لوسرن کی فصل کی بوائی 15 نومبر تک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد کے مطابق لوسرن کی فصل 6 سے 7 سال تک چارہ دیتی رہتی ہے،اس کی بوائی کےلئے بہترین وقت 15 نومبر تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوسرن کی منظور شدہ قسم سرگودھا لوسرن 2002 کونیم خشک علاقوں کے لئے بھی موزوں ہے،کاشتکار سرگودھا لوسرن 2002 کی بروقت کاشت کرکے اچھی پیداوار حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ خشک علاقوں میں بھی مذکورہ قسم کی آبپاش فصل نہایت کامیاب ثابت ہوئی ہے تاہم مرطوب آب وہوااس فصل کےلئے مفید نہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ بارش والے علاقوں میں لوسرن کی فصل اپنی دوامی حیثیت برقرار نہیں رکھ سکتی کیونکہ وہاں جڑی بوٹیوں اور گھاس کی افراط ہو جاتی ہے مگریہ پودا دھوپ کو پسند کرتا ہے اس لئے سردیوں میں بارش اور بادل اس کےلئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لوسرن کی فصل کےلئے بہتر نکاس والی زرخیز میرا زمین جس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہو موزوں ترین ہے تاہم سیم ز دہ او ر کلر والی زمین اس کےلئے مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ فصل کی کاشت کےلئے کاشتکار ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور چار پانچ دفعہ ہل سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کر لیں کیونکہ اچھی پیداوار کےلئے کھیت کا ہموار ہونا ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :