روایتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند، واک ان اور پست ٹنل میں سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں، نظامت زرعی اطلاعات

بدھ 3 دسمبر 2025 17:08

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2025ء) سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوارکے حصول کیلئے ٹنل کاشت کاطریقہ بہترین ہے جبکہ روائتی طریقہ کاشت کی نسبت بلند، واک ان ٹنل اور پست ٹنل میں کھیرا، ٹماٹر، شملہ مرچ، سبز مرچ، گھیا کدو، گھیا توری، کریلہ، چپن کدو، حلوہ کدو، بینگن، تربوز اور خربوزہ کی سبزیاں کامیابی سے اگائی جارہی ہیں نیزچونکہ پنجاب میں دسمبر اور جنوری میں درجہ حرارت کم ہونے اور کورا پڑنے کی وجہ سے موسم گرما کی اگیتی سبزیاں کھیت میں اگانا ممکن نہیں اسلئے موسم گرما کی سبزیوں کی اگیتی دستیابی اور زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ٹنل کاشت طریقہ کو رواج دیا گیا ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت توسیع کے ترجمان نے بتایاکہ ان ٹنل کے اندر کاشت کی گئی سبزیوں کو شدید سردیوں کے موسم میں پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیا جاتا ہے جس سے ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب رہتا ہے اورشدید سردی و کورے کے باوجود ان سزیوں کے پودوں کی بڑھوتری جاری رہتی ہے جس سے یہ جلد تیار اور اچھے داموں میں فروخت ہوتی ہیں جس سے کاشتکاروں کو زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پلاسٹک ٹنل میں سبزیات کی کاشت کیلئے سب سے اہم مرحلہ سبزیوں کا انتخاب، قسم،بیماریوں سے پاک صحتمند بیج کا حصول اور صحت مند نرسری اگانا ہے لہٰذانرسری اگانے کے لیے بہتر نکاس والی ہموار اور زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں۔انہوں نے کہاکہ نرسری کیلئے منتخب کردہ کھیت درختوں کے سایہ سے دور اور ٹیوب ویل یا ڈیرے کے نزدیک ہو تاکہ نرسری کی دیکھ بھال میں آسانی رہے نیزنرسری کی کاشت سے قبل پتوں اور پودوں کے دیگر حصوں سے بنی ہوئی گلی سڑی اور باریک نامیاتی کھاد ڈال کر روٹا ویٹر سے اچھی طرح زمین میں ملا کر پانی لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکارنرسری ہمیشہ جالی دار واک ان ٹنل میں کاشت کریں تاکہ نرسری کے پودوں کو کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں سے محفوظ بنایا جاسکے۔