پنجاب میں چنے کی کاشت کا رقبہ 21 لاکھ 90 ہزار ایکڑ تک پہنچ گیا

جمعہ 5 دسمبر 2025 13:29

جنڈانوالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2025ء) پنجاب میں چنے کی کاشت کا رقبہ 21 لاکھ 90 ہزار ایکڑ تک پہنچ گیا ہے۔ چنا ربیع کی ایک نہایت اہم نقد آور فصل ہے اور خصوصا تھل، بھکر، خوشاب اور لیہ کے زمینداروں کی معیشت کا بڑا حصہ اسی فصل پر منحصر ہے۔گزشتہ کئی برسوں سے بارشوں کی کمی کے باعث چنے کی فی ایکڑ پیداوار مسلسل متاثر ہو رہی تھی، تاہم رواں سال صورتحال بہتر دکھائی دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس بار نہ صرف آبپاش علاقوں میں چنے کی زبردست کاشت کی گئی ہے بلکہ نومبر میں ہونے والی مناسب بارشوں کے بعد بارانی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر کاشت میں اضافہ ہوا ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق دسمبر اور جنوری میں اچھی بارشوں کا امکان ہے۔ اگر ان مہینوں کے دوران متوقع بارشیں ہو جاتی ہیں تو امسال تھل اور دیگر بارانی علاقوں میں چنے کی بمپر کراپ ہونے کی بھرپور توقع کی جا رہی ہے، جو مقامی کاشتکار معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب بارشیں نہ صرف فصل کی بڑھوتری کو بہتر بنائیں گی بلکہ دانے کے معیار، وزن اور مارکیٹ ویلیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ کاشتکاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سال کی بہتر پیداوار سے ان کی معاشی مشکلات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :