محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے تحت بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے پرسیمینار، شفافیت کے فروغ کے عزم کا اعادہ

منگل 9 دسمبر 2025 23:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2025ء) بین الاقوامی اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے زیرِ اہتمام مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے کمیٹی روم میں آگاہی سیمینارمنعقد ہوا،جس کی صدارت سپیشل سیکرٹری زراعت جنو بی پنجاب سرفراز حسین مگسی نے کی۔ سیمینار میں زرعی شعبے کے افسران اور سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینار کا مقصد بدعنوانی کے خلاف عوامی شعور کو اجاگر کرنا اور سرکاری محکموں میں شفافیت کےکلچرکو فروغ دینا تھا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی معاشرتی، معاشی اور ادارہ جاتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے اجتماعی جدوجہدنا گز یر ہے۔سپیشل سیکرٹری زراعت سرفراز حسین مگسی نےاپنے خطاب میں کہاکہ بدعنوانی سے نہ صرف قومی وسائل ضائع ہوتے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شفافیت عوامی سہو لت اور وسائل کے بہتر استعمال کی ضمانت ہے، اور ہر فرد اپنی سطح پر بدعنوانی کے خاتمے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق محکمہ زراعت جنوبی پنجاب شفا فیت،ایمانداری اورخود احتسابی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔سیمینارمیں عبدالجبارلاءآفیسر نے نیب اورانسدادِ رشوت ستانی قوانین کےحوالے سےشرکاء کوتفصیلی آگاہی فراہم کی۔

تقریب میں عبدالجبار ایڈ یشنل سیکرٹری (ٹاسک فورس)، عبدالصبور ٹھاکر ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) این اینڈ جے اے ڈی جنوبی پنجاب سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا کر بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کیا اور کرپشن فری معاشرے کے قیام کےعزم کا اظہار کیا۔