سرگودہا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل

منگل 16 دسمبر 2025 22:41

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2025ء) سرگودھا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ منگل کو 15 دسمبر تک جاری ہونے والی حتمی رپورٹ کےمطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے کسان دوست اقدامات کی بدولت اور کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی ذاتی دلچسپی سے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی شب و روز محنت اور محکمہ زراعت و دیگر متعلقہ محکموں کی بہترین حکمتِ عملی سے سرگودہا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈویژن میں مجموعی طور پر ہدف کا 101.30 فیصد رقبہ زیرِ کاشت لایا گیا ہے، ڈویژن کے لیے 17 لاکھ 21 ہزار ایکڑ کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ اب تک 17 لاکھ 43 ہزار 306 ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت مکمل کی جا چکی ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.15 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ضلع سرگودہا میں گندم کاشت کا ہدف 5 لاکھ 33 ہزار ایکڑ تھا، جبکہ 5 لاکھ 46 ہزار 843 ایکڑ رقبے پر کاشت مکمل کی گئی۔

ضلع خوشاب میں 2 لاکھ 76 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 2 لاکھ 81 ہزار 866 ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی۔ضلع میانوالی میں 4 لاکھ 67 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 4 لاکھ 68 ہزار 183 ایکڑ رقبے پر کاشت مکمل ہوئی۔ ضلع بھکر میں 4 لاکھ 45 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 4 لاکھ 46 ہزار 414 ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی۔ محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق بروقت رہنمائی، کسانوں کی دلچسپی اور انتظامی اقدامات کے باعث سرگودہا ڈویژن میں گندم کاشت کا مجموعی ہدف نہ صرف پورا ہوا بلکہ بعض اضلاع میں نمایاں بہتری بھی سامنے آئی۔