سیالکوٹ میں گندم کی کاشت ہدف سے تجاوز کر گئی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع

جمعرات 18 دسمبر 2025 21:56

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2025ء) سیالکوٹ ضلع بھر میں ہدف سے بڑھ کر زیادہ رقبہ پر گندم کی کاشت ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ حکومت کی کسان دوست پالیسیاں ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع سجاد حیدر نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت رواں برس ضلع سیالکوٹ میں چار لاکھ 81 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ دسمبر کے وسط تک چار لاکھ 85 ہزار 607 ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت ہو چکی ہے لہذا ہدف سے چار ہزار 607 ایکڑ زیادہ رقبہ پر گندم کاشت ہوئی ہے اور یہ ہدف 100.96 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت میں اضافہ کی سب سے بڑی وجہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیاں ہیں جنکی بدولت کسانوں نے گندم کی کاشت میں دلچسپی لی اور اس حوالے سے تمام منفی پراپیگنڈے کو رد کر دیا۔

(جاری ہے)

سجاد حیدر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں کسانوں نے مقررہ ہدف سے کچھ زیادہ ہی رقبہ پر گندم کاشت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سیالکوٹ کیلئے ایک لاکھ 39 ہزار 287 ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ٹارگٹ تھا جبکہ یہاں پر ایک لاکھ 39 ہزار 516 ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل ڈسکہ میں ایک 19 ہزار 948 رقبہ پر کاشت کا ٹارگٹ تھا اور یہاں ایک لاکھ 20 ہزار 306 ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت ہوئی اور اسی طرح تحصیل پسرور ایک لاکھ 56 ہزار 224 رقبہ کے ٹارگٹ کے مقابلے میں ایک لاکھ 57 ہزار 711 رقبہ پر گندم کاشت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سمبڑیال میں 67 ہزار 418 رقبہ پر گندم کاشت کا ٹارگٹ تھا اور یہاں 68 ہزار اور 74 ایکڑ پر گندم کاشت ہو چکی یے۔ سجاد حیدر نے کہا کہ سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں ہدف سے زیادہ گندم کا کاشت ہونا وزیر اعلی مریم نواز شریف کی کسان دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت کا بہترین وقت 15 دسمبر تک ہے اور ضلع بھر میں گندم کی کاشت کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔