محکمہ زراعت پنجاب نے آلو کے کاشتکاروں کیلئے ہدایات جاری کردیں

پیر 22 دسمبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2025ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق بعض جگہوں میں کہیں کہیں آلو کی فصل پر پچھیتے جھلسا کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے۔ یہ بیماری ایک مخصوص قسم کی پھپھوندی کی وجہ سے پھیلتی ہے اور زیادہ نمی اورکم درجہ حرارت میں اس بیماری کا حملہ بڑھ جاتا ہے۔ شروع میں چھوٹے اورپیلے رنگ کے دھبے ظاہر ہوتے ہیں۔

یہ دھبے ہوا میں زیادہ نمی کی وجہ سے بھورے یا سیاہ زخموں میں بدل جاتے ہے اور یہ زخم زیادہ تر پتوں کے کناروں پر نمایا ں ہوتے ہیں۔اس بیماری کاحملہ زیادہ ہونے کی صورت میں پودوں کے گلنے سڑنے سے سپرٹ جیسی مخصوص بو آتی ہے۔ اس بیماری کی وجہ سے آلو کی سطح سیاہ رنگ کی ہو جاتی ہے اورآلو باہر سے اندر کی طرف گلنا شروع ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ اس بیماری کے کنٹرول کیلئے آلو کا بیج ہمیشہ تندرست فصل سے حاصل کیا جائے۔

فصل ختم ہونے پر باقیات کو اکٹھا کر کے جلا دیا جائے۔جڑی بوٹیوں کی تلفی کی جائے اورقوت مدافعت رکھنی والی اقسام کاشت کی جائیں۔ اس بیماری سے متاثرہ کھتوں میں 2سے 3 سال تک آلو کی فصل کاشت نہ کی جائے اور فصلوں کا مناسب ہیر پھیر کیا جائے۔فصل پر بیماری شروع ہوتے ہی بلکہ شروع ہونے سے پہلے اگر زیادہ نمی اور دھند ہو تو محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہر وں کا سپرے کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :