پنجاب میں 100 کولڈ اسٹوریج اور ویئر ہاؤسز کے قیام کی منظوری، کسانوں کی آمدنی اور روزگار میں اضافہ متوقع

جمعہ 26 دسمبر 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2025ء) سیکٹر پرائس کنٹرول کموڈٹیز مینجمنٹ ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کے اہم منصوبے پنجاب ایگریکلچر کموڈٹیز سٹوریج اینڈ پیکجنگ اور کمیونٹی بیس پوسٹ ہارویسٹ انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ منصوبے کی پی این ڈی بورڈ نے منظوری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب ایگریکلچر کموڈٹیز سٹوریج اینڈ پیکجنگ منصوبہ 0.05 بلین کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اس منصوبے کے تحت پنجاب میں 100 کولڈ سٹوریج اور ویئر ہاوسز بنائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر کرن نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد فصلوں کی کاشت کے بعد کے نقصانات میں کمی ،مستحکم دہی معیشت اور مضبوط ایگری کلچر سپلائی چین ہے اور منصوبے کے ذریعے کنٹرول ماحولیاتی سٹوریج ٹیکنالوجی کے استعمال سے پھلوں، سبزیوں اور اناج کو بہتر انداز میں ذخیرہ کرنا ممکن ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ سٹوریج اینڈ پیکجنگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کسانوں ،تاجروں اور ایکسپورٹرز کے مابین تجارتی روابط میں بہتری کا باعث ہوگا اوراس منصوبے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسان ، ایگریکلچر کواپریٹوز ،نوجوان کاروباری طبقہ اور دیہی نوجوانوں کے گروپ استفادہ کر سکیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے اناج کے ضیاع میں5 سے 10 سبزیوں اور پھلوں میں 25 سے 30 فیصد کمی ہوگی جب کہ کسانوں کی آمدنی 20 سے 30 فیصد بڑھے اور 1000 سے زائد روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے-