اوباش نوجوان کی جانب سے لڑکی کو اپنے شوہر سے زبردستی طلاق لے کر خود سے شادی کے لیے مجبور کرنے کا انکشاف

ہفتہ 3 جنوری 2026 17:58

ٹنڈو الہیار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2026ء) ٹنڈوالہ یار کی شہباز کالونی میں اوباش نوجوانوں کی جانب سے لڑکی کو اپنے شوہر سے زبردستی طلاق لے کر خود سے شادی کے لیے مجبور کرنے کا انکشاف۔ لڑکی کے انکار پر مذکورہ افراد کی جانب سے اسے گھر کے اندر سے مبینہ طور پر ہتھیاروں کے زور پر اغوا کرنے کی کوشش کی گئی مذکورہ افسوس ناک واقعہ کا مقدمہ لڑکی کے والد کی فریاد پر پولیس نے تھانہ اے سیکشن پر درج کر لیا۔

(جاری ہے)

فریادی کے مطابق شاہنواز اور اسکا والد سلیم کمانڈو نامی شخص اسکی بیٹی کو اپنے شوہر سے زبردستی طلاق دلوانے کی کوشش کررہے ہیں۔ میری بیٹی کے انکار پر آج دونوں افراد نے گھر میں داخل ہو کر ہتھیاروں کے زور پر میری بیٹی کو اغواہ کرنے کی کوشش کی۔ بیٹی کے شور مچانے پر اہل محلہ جمع ہوئے تو دونوں افراد فرار ہو گئے۔ جبکہ لڑکی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے شوہر سے زبردستی طلاق لینے کے لیے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ دھمکیاں دی جا رہی ہے۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ایس ایس پی سید سلیم شاہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کیں جس کے بعد متاثرہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔