سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی کا نظامتِ افزائش تخمِ سبزیات مستونگ روڈ کوئٹہ کا دورہ

منگل 6 جنوری 2026 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2026ء) سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے نظامتِ افزائش تخمِ سبزیات مستونگ روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ جمعہ خان ترین ڈائریکٹر جنرل زرعی تحقیقات، بشیر احمد بنگلزئی ڈائریکٹر سبزیات، فہیم احمد ملغانی، شیر محمد لہڑی، عامر طارق، ملک جعفر خان بازئی، نور احمد بنگلزئی، مٹھا خان بلیدی اور دیگر افسران موجود تھے۔

دورے کے دوران سیکرٹری زراعت نے سبزیوں کے تصدیق شدہ بیج کے لیے لگائی گئی فصلوں کا معائنہ کیا اور صوبے میں زمینداروں تک تصدیق شدہ بیجوں کی بروقت اور مؤثر رسائی یقینی بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سبزیات بشیر احمد بنگلزئی نے شعبہ کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی جس میں افزائشِ تخمِ سبزیات، غیر موسمی سبزیوں کی پیداوار، قطراتی آبپاشی، عمودی طرزِ کاشت، نئی اقسام کی تیاری اور زرعی تحقیق کے ذریعے زیادہ پیداوار کے اقدامات شامل تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت نور احمد پرکانی نے ریسرچرز کو ہدایت کی کہ زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی تحقیق کو یقینی بنایا جائے جبکہ تصدیق شدہ بیجوں کی پیداوار میں زمینداروں کی شمولیت بڑھائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاویز کو پراجیکٹس کی صورت میں ورکنگ پیپرز کے طور پر جمع کرایا جائے تاکہ صوبائی پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈنگ کے لیے سفارش کی جا سکے۔دورے کے اختتام پر سیکرٹری زراعت نے ویجی ٹیبل سیڈ فارم کے ریسرچرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر محکمہ کے ڈائریکٹرز نے زرعی تحقیقات کے محدود بجٹ سے آگاہ کیا جس پر سیکرٹری زراعت نے محکمہ فنانس سے مناسب فنڈز کی فراہمی کے لیے سفارش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔