محکمہ زراعت پنجاب کی گلابی سنڈی کے بے موسمی تدارک کیلئے حکمت عملی جاری

ہفتہ 10 جنوری 2026 19:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے گلابی سنڈی کے بے موسمی تدارک کی حکمت عملی جاری کر دی۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس ہماری اہم فصل اور اس کی مجموعی پیداوارکا تقریبا 70 فیصد پنجاب میں پیدا ہوتا ہے، گلابی سنڈی کپاس کا ایک خطرناک کیڑا ہے جس کے حملہ سے نہ صرف پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ کپاس کی کوالٹی بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کپاس کی گلابی سنڈی کی آف سیزن مینجمنٹ نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ گلابی سنڈی کا کوئی میزبان پودا نہیں ہے ،لہذا آف سیزن مینجمنٹ پر عمل کر کے اس کی نسل کو تلف کیا جا سکتا ہے تاکہ کپاس کی آئندہ فصل اس کے حملے سے محفوظ رہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کپاس کی چھڑیوں کو اگر ایندھن کیلئے رکھنا مقصود ہو تو چھوٹے گٹھے بنا کر اس طرح رکھیں کہ چھڑیوں کے مڈھ نیچے کی طرف ہوں تاکہ دھوپ لگنے سے باقی ماندہ ٹینڈوں سے گلابی سنڈی کے پروانے نکل کر کپاس کی اگلی فصل سے پہلے ضائع ہو جائیں۔

(جاری ہے)

جیننگ فیکٹریوں میں موجود کپاس کا کچرا اور گلابی سنڈے کے لاروے جو جڑواں بیجوں کی شکل میں ہوتے ہیں کی تلفی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔چھڑیوں کے ڈھیر یا گٹھوں کو الٹ پلٹ کریں تاکہ نیچے کچرا میں موجود گلابی سنڈی کے پیوپے بھی تلف ہو جائیں۔اسی طرح سٹور کی گئی کپاس کے بیج کو ایلومنیم فاسفائیڈ(فاسفین) کی گولیوں سے بحساب30 گولیاں فی1000 مکعب فٹ دھونی دینی چاہیے تاکہ گلابی سنڈی کے لاروے اور پیوپے جڑواں بیجوں میں تلف ہو جائیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ گلابی سنڈی کے بے موسمی تدارک پر عملدرآمد سے کپاس کی آنے والی فصل پر اس کے حملے میں خاطر خواہ کمی واقع ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :