آئندہ چند دنوں میں کوئٹہ اور گردونواح میں شدید سردی اور برفباری کی لہر متوقع ہے، کمشنر کوئٹہ ڈویژن شانزیب

جمعرات 22 جنوری 2026 16:23

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2026ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شانزیب خان کاکڑ نے سردی کی شدید لہر کے پیش نظر شہریوں کے لیے وڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ چند دنوں میں کوئٹہ اور گردونواح میں شدید سردی اور برفباری کی لہر متوقع ہے، جس کے باعث شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی مجبوری کے تحت باہر نکلنا ہو تو مناسب گرم لباس کا استعمال کیا جائے اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔ کمشنر کوئٹہ نے خصوصاً دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد سے اپیل کی کہ وہ سرد موسم میں باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔شانزیب خان کاکڑ نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں، کیونکہ یہ دونوں طبقات سردی سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گھروں میں ہیٹرز، بالخصوص گیس ہیٹرز کے استعمال کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔کمشنر کوئٹہ نے شہریوں سے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں بے گھر یا بے آسرا افراد نظر آئیں تو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں، تاکہ انہیں فراہم کیے گئے شیلٹر ہومز تک منتقل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سردی کی اس شدید لہر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ اپنی اور اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :