25 سے 30 ستمبرتک بارشوں کا امکان، بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

جمعہ 25 ستمبر 2026 22:55

25 سے 30 ستمبرتک بارشوں کا امکان، بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔این ای او سی کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔

بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خطرہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

این ای او سی کے مطابق 30 ستمبر تک خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بعض مقامات پر ڑالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

خیبر پختونخوا کے دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی ردعمل کی ٹیمیں اور ضروری وسائل پہلے سے تیار رکھنے جبکہ بارش، ندی نالوں اور دریائی گزرگاہوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے، جبکہ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں محتاط رہنے اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ادارے نے عوام کو مستند موسمی صورتحال، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے متعلق بروقت رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔