این ڈی ایم اے کی 31 جنوری سے 4 فروری کے دوران متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری

جمعہ 30 جنوری 2026 17:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر(این ای او سی ) نے 31 جنوری سے 4 فروری کے دوران متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی۔ایڈوائزری کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات اور پوٹھوہار میں 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران ہلکی بارش یا برف باری متوقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اور وسطی پہاڑی علاقوں میں 30 جنوری سے یکم فروری کے دوران ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے جبکہ بالائی اور شمالی اضلاع میں 30 جنوری سے 3 فروری کے دوران وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ میں سرد اور خشک موسم کے باعث دھند چھانے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 30 جنوری سے 3 فروری کے دوران موسم شدید سرد اور ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہےجبکہ 4 فروری تک بالائی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برف باری اور سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔این ای او سی کے مطابق تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم سے متعلق مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ کا استعمال کریں۔