اسلام آباد،کم سن گھریلو ملازمہ تشدد کیس، ویمن میڈیکل افسر سمیت دیگر حکام کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

بدھ 11 فروری 2026 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2026ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے کم سن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کے معاملے میں استغاثہ کے گواہان کی مسلسل عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔بدھ کو سماعت کے دوران عدالت نے غیر حاضر گواہان کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کی ویمن میڈیکل آفیسر مریم فاطمہ، محمد نواز سب انسپکٹر، قاسم ضیا سب انسپکٹر، اعجاز احمد سب انسپکٹر، محمد حنیف سب انسپکٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ریسکیو 1122سرگودھا کے میڈیکل ایمرجنسی ٹیکنیشکن منور عباس اور پولیس خدمت کاونٹر ڈی ایچ کیو سرگودھا میں تعینات پولیس ملازم کنول کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ عدالت نے پولیس ملازمین شفیق حسین، سجاد حسین اور شمریز اقبال کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔عدالت نے تمام متعلقہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا بھی حکم دیا۔ عدالت کے مطابق تمام سرکاری ملازمین رضوانہ تشدد کیس میں گواہ ہیں اور انہیں متعدد بار طلب کیا جا چکا ہے۔ گواہان کی مسلسل عدم پیشی پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔