موسم گرما کی سبزیات مارچ میں مکمل کرلیں،نشوونما کیلئے درجہ حرارت 20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہے، ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی

منگل 17 فروری 2026 17:10

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2026ء) موسم گرما کی سبزیات مارچ میں مکمل کرلیں،نشوونما کیلئے درجہ حرارت 20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہوتا ہے اور اچھی اقسام كے بیج كا انتخاب كریں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے منگل کو کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دنوں فروری کے آخر میں ٹمپریچر بڑھنا شروع ہوگیا ہے،کریلا،گھیا کدو،چپن کدو،کالی توری،بھنڈی،گھیا توری،بینگن،ٹماٹر،سبز مرچ، شملہ مرچ،تر،کھیرا اور پیٹھا وغیرہ کی سبزیات مارچ میں مکمل کرلیں، موسم گرما کی سبزیات کی نشوونما کیلئے درجہ حرارت 20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈ موزوں ہوتا ہے اور سبزیاں کاشت کرنے کیلئے میرا زمین موزوں ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سبزیوں کی کاشت سے پہلے کھاد کا استعمال بہت اہم ہے، گوبر کی گلی سٹری کھاد ڈالنے سے زمین میں مزید طاقت پیدا ہوتی ہے جو سبزیوں کو جلد تیار کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیوں کیلئے اچھی اقسام کا بیج استعمال کریں جس کی اگائوکی شرح زیادہ ہو،کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی اقسام کا انتخاب کریں جو موسمی حالات کے مطابق کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں،زمین میں نرسری کاشت کرنے کی بجائے کوشش کریں کہ پلاسٹک کے جرمینیشن ٹرے میں پنیری کاشت کریں ، ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں اور جب پنیری کی عمر تا30 دن35 ہو جائے تو اس کو پٹریوں پر منتقل کریں۔