اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات ایف سکس ٹو میں شاعرِ مشرق ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کی شاعری پر مبنی بین الکلیاتی بیت بازی مقابلہ

جمعرات 19 فروری 2026 19:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2026ء) وفاقی ماڈل کالجز کے مابین جاری ادبی مقابلوں کے سلسلے میں اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات ایف سکس ٹو میں بزمِ ادب سوسائٹی کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری پر مبنی بین الکلیاتی بیت بازی مقابلہ کا انعقاد ہوا۔ اس ادبی سرگرمی میں مختلف ماڈل کالجز کی طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اقبال کے فکر انگیز اشعار سنا کر حاضرین سے داد وصول کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف صحافی، اینکر پرسن اور کالم نگار حامد میر تھے۔مقابلے کے ججز میں عالیہ زرین، ڈاکٹر الیاس بابر اعوان، مریم طاہر اور ڈاکٹر عائشہ راٹھور شامل تھیں۔ پروگرام کا آغازتلاوت کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت میمونہ رشید نے حاصل کی، جبکہ عائزہ اعجاز نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔

(جاری ہے)

تقریب کی نظامت سعدیہ وحید، سربراہ شعبہ کیمسٹری نے انجام دی۔

مقابلے میں بارہ کے قریب ماڈل کالجز کی طالبات نے حصہ لیا اور بیت بازی کے ذریعے اردو ادب اور اقبالی فکر سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ مقابلے کے نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن آئی ایم سی جی ایف سکس ٹو کی تحریم بابر اور طرفہ مجید نے حاصل کی، جبکہ دوسری پوزیشن آئی ایم سی جی ایف سیون فور کی آمنہ زیدی اور فضہ بی بی کے حصے میں آئی۔ تیسری پوزیشن آئی ٹین فور ماڈل کالج کی عریشہ عثمان اور حفصہ محمود نے حاصل کی۔ بہترین اندازِ ترسیل کا خصوصی انعام تحریم بابر کو دیا گیا۔