سیالکوٹ،موسم گرما کی سبزیات اپنے گھر کے باغیچہ کی کیاریوں یا چھت پر گملوں میں بھی کاشت کی جا سکتی ہیں،ترجمان محکمہ زراعت

اتوار 22 فروری 2026 16:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2026ء) کاشتکارموسم گرما کی سبزیات کریلا،گھیا کدو،چپن کدو،کالی توڑی،بھنڈی،گھیا توڑی،بینگن،ٹماٹر،سبز مرچ، شملہ مرچ،تر،کھیرا،پیٹھا وغیرہ کی کاشت وسط فروری تا 31 مارچ تک کر سکتے ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہاہے کہ موسم گرما کی سبزیات کی نشوونما کیلئے درجہ حرارت 20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈموزوں رہتا ہے۔

موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادہ رکھنے والی میرا زمین موزوں ہے۔سبزیات کی کاشت سے چند روز پہلے گوبر کی گلی سٹری کھاد ڈالنے سے زمین مزید بہتر ہوتی ہے۔ موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جس کی اگاؤ کی شرح 80فیصد سے کم نہ ہو اور کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی اقسام کا انتخاب کریں جو موسمی حالات کے مطابق کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں۔

(جاری ہے)

ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں اور جب پنیری کی عمر 30تا35دن ہوجائے تو پنیری کو محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سفارش کردہ فاصلہ پر منتقل کردیںکریلہ،گھیاکدو،چپن کدو،گھیا توڑی،تر اور کھیرا کی کاشت پٹریوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توڑی کی کاشت پٹریوں کے دونوں جانب کرنے سے بتائج بہتر ملتے ہیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے پیمانے پر عوام النّاس موسم گرما کی سبزیات کچن گارڈننگ کے تحت گھرکے باغیچہ یا چھت پر بھی کاشت کرکے اپنی ضرورت کے مطابق تازہ سبزیات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔\378

متعلقہ عنوان :