محکمہ زراعت پنجاب نے اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان

پیر 23 فروری 2026 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2026ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کا سفارش کردہ وقت کاشت درجہ حرارت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے 15 فروری تا 31 مارچ مقرر کیا گیا ہے۔امسال محکمہ زراعت پنجاب نے صوبہ میں اگیتی کاشت کا7 لاکھ ایکڑ ہدف مقرر کیا ہے ۔کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے ملتان، ساہیوال فیصل آباد، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویڑنز کے اضلاع زیادہ موزوں ہیں۔

اگیتی کاشت کے لئے محکمہ زراعت پنجاب کی طرف سے صرف کپاس کی ٹرپل جین اقسام کی سفارش کی جاتی ہیں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے بیج فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈرجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کا تصدیق شدہ ہو اور خالص ٹرپل جین قسم کا ہو ورنہ گلا ئفوسیٹ کا سپرے کرنے سے غیر ٹرپل جین اقسام کے پودے مر جائیں گے۔

(جاری ہے)

کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے پودوں کا قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اورپودوں کا باہمی فاصلہ 1.5 تا 2 فٹ ہونا چاہیے۔

کپاس کی اگیتی کاشت کے لئے سفارش کردہ اقسام کا معیاری تندرست، خالص اور بیماریوں سے پاک، تصدیق شدہ بر اترا ہوابیج استعمال کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کی ڈرل کاشت کے لئے 2 تا 3 کلو گرام بیج فی ایکڑ زیادہ استعمال کریں۔ کاشتکارضرورت سے 10 فیصد زیادہ بیج کا انتظام کریں تا کہ ناغے وغیرہ لگانے کے لئے استعمال ہو سکے۔ اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے بیج کے 60 فیصد اگا ئوکی صورت میں 5 تا 6 کلوگرام بیج استعمال کریں اور 75 فیصد یا زیادہ ا گائو کے لئے 4 تا 5 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔کپاس کی اگیتی کاشت سے اوسطا50 سے60 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔