موسم گرما کی سبزیاں گھر کے باغیچہ یا چھت پر گملوں میں بھی کاشت کی جا سکتی ہیں، ترجمان محکمہ زراعت

منگل 3 مارچ 2026 13:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مارچ2026ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے بتایا ہے کہ کاشتکار موسم گرما کی سبزیات کریلا،گھیا کدو،چپن کدو،کالی توری،بھنڈی،گھیا توری،بینگن،ٹماٹر،سبز مرچ،شملہ مرچ،تر،کھیرا،پیٹھا وغیرہ کی کاشت وسط فروری تا 31 مارچ تک کر سکتے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیات کی نشوونما کیلئے درجہ حرارت20 تا35 ڈگری سینٹی گریڈ موزوں رہتا ہے۔

موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادہ رکھنے والی میرا زمین موزوں ہے۔سبزیات کی کاشت سے چند روز پہلے گوبر کی گلی سٹری کھاد ڈالنے سے زمین مزید بہتر ہوتی ہے۔موسم گرما کی سبزیات کی کاشت کیلئے ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جس کی اگائو کی شرح 80 فیصد سے کم نہ ہو اور کاشتکار محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے ایسی اقسام کا انتخاب کریں جو موسمی حالات کے مطابق کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں۔

(جاری ہے)

ٹماٹر اور مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں اور جب پنیری کی عمر30 تا35 دن ہوجائے تو پنیری کو محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سفارش کردہ فاصلہ پر منتقل کردیں۔کریلہ،گھیا کدو،چپن کدو،گھیا توری،تر اور کھیرا کی کاشت پٹریوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹریوں کے دونوں جانب کرنے سے نتائج بہتر ملتے ہیں۔اس کے علاوہ چھوٹے پیمانے پر عوام الناس موسم گرما کی سبزیات کچن گارڈننگ کے تحت گھرکے باغیچہ یا چھت پر بھی کاشت کرکے اپنی ضرورت کے مطابق تازہ سبزیات حاصل کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :