کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے بھر پور مہم چلائی جارہی ہے،ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 6 مارچ 2026 15:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2026ء) ڈائریکٹر زراعت پنجاب چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ ڈویژن میں 95ہز ار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی فصل کی کاشت کاہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی جانب سے بھر پور مہم چلائی جارہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ رقبہ کا کپاس کاشت کی جاسکے۔ انہوں کو بتایا کہ اگیتی کپاس کی کاشت کا موزوں ترین وقت وسط فروری سے لیکر 31 مارچ تک ہے۔

اس مقصد کے لیے ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اضلاع زیادہ موزوں قرار دئیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگیتی کاشت کے لیے محکمہ زراعت کی جانب سے صرف ٹرپل جین اقسام کی سفارش کی گئی ہے اور کاشتکاروں کو کہا گیا ہے وہ فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سے تصدیق شدہ اور خالص ٹرپل جین بیج استعمال کریں کیونکہ غیر ٹرپل جین اقسام پر گلائفوسیٹ کے سپرے سے پودے متاثر ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرپل جین اقسام جڑی بوٹی مار زہروں اور سنڈیوں، خصوصاً گلابی سنڈی کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اگیتی کپاس کی کاشت کے لیے پودوں کی تعداد موسمی کاشت کے مقابلے میں کم رکھی جاتی ہے۔ عام طور پر قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ جبکہ پودوں کا باہمی فاصلہ ڈیڑھ سے دو فٹ ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگیتی کپاس کی ڈرل کاشت کے لئے 2 تا 3 کلو گرام بیج فی ایکڑ زیادہ استعمال کریں۔

کاشتکارضرورت سے 10 فیصد زیادہ بیج کا انتظام کریں تا کہ ناغے وغیرہ لگانے کے لئے استعمال ہو سکے۔ اگیتی کپاس کی کاشت کیلئے بیج کے 60 فیصد اُگاؤ کی صورت میں 5 تا 6 کلوگرام بیج استعمال کریں اور 75 فیصد یا زیادہ اُ گاؤ کے لئے 4 تا 5 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔کپاس کی اگیتی کاشت سے اوسطاً50 سے60 من فی ایکڑ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔