اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال كی گندم کے کاشتکاروں کو فصل کو روان ہفتے آخری پانی لگانے كی ہدایت

جمعہ 6 مارچ 2026 16:39

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2026ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ گندم کی فصل کو رواں ہفتے آخری پانی لگا دیں۔ انہوں نے(کل ) جمعہ کو سفارشات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورا ہے اور گندم کی فصل سٹے نکال رہی ہے یا نکال چکی ہے ، اس وقت گندم کو نمی کی شدید ضرورت ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کے بڑھنے سے اگر فصل کو خشکی کا سامنا کرنے پڑھ جائے تو بھاری نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے لہذا گندم کو جن کاشتکاروں نے ابھی تک آخری پانی نہیں دیا وہ فورا پانی ضرور لگا دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی اگلے ہفتے کی پشگوئی کے مطابق ٹمپریچر مزید بڑھنے توقع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موسم میں یوریا اور امونیم نائٹریٹ دو پرسنٹ محلول بنا کر 120 لیٹر پانی فی ایکڑ میں ملا اسپرے کریں، زیادہ نتائج حاصل کرنے کیلئے اس کو سات دن بعد دوبارہ اسپرے کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ان دنوں کنگی کا حملہ بھی ہوسکتا ہے ،اگر فصل پر کنگی کا حملہ نظر آئے تو پھپھوندی زہر کو صرف اس جگہ پر ہی استعمال کریں جہاں پر بیماری نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندے فیلڈ میں سروےکررہے ہیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ان سے رابطہ کیا جائے یا محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔