محکمہ زراعت پلانٹ پروٹیکشن کی جانب سے شیڈول جاری

بدھ 25 مارچ 2026 15:47

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2026ء) ڈائریکٹر محکمہ زراعت (پلانٹ پروٹیکشن) پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹیسائڈز سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں زرعی ادویات کی فروخت سے وابستہ افراد کے لیے تربیتی پروگرام اور لائسنسنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔بدھ کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق زرعی ادویات کے کاروبار کو محفوظ اور ضابطہ کار کے مطابق بنانے کے لیے تربیت لازمی قرار دی گئی ہے جس کے بغیر لائسنس کا اجرا یا تجدید ممکن نہیں ہو گی۔

ڈاکٹر مقصود احمد کے مطابق خواہشمند افراد یکم اپریل 2026 سے 05 اپریل 2026 تک ای بز پورٹل پنجاب پر آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نئے درخواست دہندگان کے لیے تربیتی ورکشاپ 06 سے 08 اپریل تک جبکہ لائسنس کی تجدید کے امیدواروں کے لیے 11 سے 13 اپریل تک پریسٹن ہال، پریسٹن یونیورسٹی سیالکوٹ میں منعقد کی جائے گی۔

تربیت کے اختتام پر ٹیسٹ لیا جائے گا اور کامیاب امیدواروں کو سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن نے مزید کہا کہ درخواست کے ساتھ حالیہ تصاویر (سفید پس منظر)، شناختی کارڈ کی نقول (دونوں اطراف)، میٹرک سرٹیفکیٹ اور متعلقہ ضلع کا ڈومیسائل جمع کرانا ضروری ہے۔ انہوں نے زرعی ادویات کے ڈیلرز اور متعلقہ افراد پر زور دیا کہ مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔