محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کوسرسوں کی پھلیوں کا رنگ بھورا، دانے سرخی مائل، پتے زرد ہونے پر فصل کی برداشت کی ہدایت

جمعرات 26 مارچ 2026 14:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کوسرسوں میں 30 سے 40فیصد اور رایا میں 70سے 75فیصد پھلیوں کا رنگ بھورا، دانے سرخی مائل،پتے زرد ہونے پر فصل کی برداشت کاعمل شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کٹائی کے بعد فصل کے گٹھے چھوٹے باندھے جائیں اور 3، 3یا 4، 4گٹھیوں کو اونچی جگہوں پر بنے ہوئے کھلیانوں میں کھڑی حالت میں رکھا جائے تاکہ پھلیوں کو بارش کی وجہ سے نقصان نہ پہنچے۔

محکمہ زراعت (توسیع) کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل احمد کے مطابق فصل کو 8،10 دن کیلئے دھوپ میں اچھی طرح خشک کیاجائے اور اس کے بعدٹریکٹر یا بیلوں کی مدد سے گہائی کر کے بیج کو علیحدہ کر لیاجائے نیز گہائی کا عمل کینولہ تھریشر کی مدد سے بھی کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فصل کھیت میں زیادہ دیر کھڑی نہ رکھیں ورنہ دانے جھڑنے شروع ہو جاتے اور پیداوار میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تازہ برداشت شدہ بیج میں چونکہ نمی زیادہ ہوتی ہے اسلئے گہائی کے بعدبیج کو ذخیرہ کرنے سے پہلے دھوپ میں اچھی طرح خشک کر لیاجائے تاکہ پھپھوندی نہ لگنے پائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کو بوریوں میں بھر کے صاف ستھرے گوداموں میں ذخیرہ کریں کیونکہ مندرجہ بالا سفارشات پر عمل کرنے سے 25 سے 30 من پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرسوں اور رایا کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی برداشت کا عمل بے حد اہم اور توجہ طلب ہے کیونکہ برداشت کا وقت اور طریقہ فصل کی پیداوار اور کوالٹی پر بہت اثر انداز ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقت پر کاشت کی گئی فصل گندم سے پہلے پک کر تیار ہو جاتی ہے لہٰذا تیار شدہ فصل کو بروقت برداشت کرنا نہایت ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :