بارشوں کی پیشگوئی،سی ای او میپکو کا سٹاف کو الرٹ رہنے کا حکم

جمعرات 26 مارچ 2026 18:21

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2026ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں متوقع بارشوں کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام آپریشنل افسران اور لائن اسٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔میپکو ترجمان کے مطابق انہوں نے جنرل منیجر آپریشن اکرم سیال کو ہدایت کی ہے کہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں قائم پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر سے بجلی کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے جبکہ تمام آپریشن سرکلوں کے کنٹرول رومز کے ذریعے ترسیلی نظام پر کڑی نظر رکھی جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں رواں ہفتے تیز اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے،جس کے باعث تمام 9 آپریشنل سرکلوں کے فیلڈ اسٹاف کو کام کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

سی ای او میپکو نے سیفٹی سیلز اور شعبہ ایچ ایس ای کے افسران کو بھی فیلڈ میں مسلسل مانیٹرنگ اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دریں اثناء صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمِ برسات کے دوران بجلی سے متعلقہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز اور ٹوٹی ہوئی تاروں سے دور رہیں، گیلے ہاتھوں یا ننگے پاؤں برقی آلات کو ہرگز نہ چھوئیں، اور گھروں کی وائرنگ کو درست حالت میں رکھیں۔میپکو حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال، سپارکنگ یا تار گرنے کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ دفاتر کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :