محکمہ زراعت پنجاب کی گندم کی فصل سے متعلق سفارشات

منگل 31 مارچ 2026 19:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2026ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار گندم کی کٹائی کا عمل فصل کے پوری طرح پکنے کے بعد شروع کریں۔ گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ گندم کی کٹائی اور گہائی کے دوران بے احتیاطی کرنے سے پیداوار میں 10 تا12فیصد تک نقصانات کا سامنا بھی کرنے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار گندم کی بروقت سنبھال کیلئے مزدوروں،ریپر،تھریشر،ٹریکٹر ترپال یا پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کیلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔کاشتکار گندم کی کٹائی سے قبل ٹیلی ویژن یا ریڈیو سے نشر ہونے والی موسمی پیشن گوئی کے مطابق انتظامات مکمل کریں۔

(جاری ہے)

بارش ہونے کی صورت میں کٹائی گہائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ شروع نہ کریں جب تک موسم ٹھیک نہ ہو جائے اور کٹائی شدہ گندم کو چادر یا ترپال سے فورا ڈھانپ دیں۔کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹوں کا رخ ایک ہی طرف رکھیں۔کھلیان چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے اردگرد کھائی ضرور بنائی جائے۔ جہاں تک ممکن ہو کٹائی ریپر یا کمبائن ہارویسٹر سے کریں۔ گندم کے کاشتکار کٹائی کے فورا بعد کھیت سے گندم گوداموں میں منتقل کر دیں۔گندم کی سٹوریج کیلئے ترجیحا نئی بوریاں استعمال کریں اور ان بوریوں کو دھوپ میں خشک کریں اور محکمہ زراعت پنجاب کے مقامی زرعی ماہرین کا سفارش کردہ زہروں کا سپرے کریں تاکہ اس میں موجود کیڑے تلف ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :