محکمہ زراعت پنجاب کی کپاس کی کاشت بارے سفارشات جاری

اتوار 5 اپریل 2026 21:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی کاشت بارے سفارشات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کے کاشتکاریکم تا30 اپریل کاشت کیلئے پودوں کا باہمی فاصلہ 12 انچ،وٹوں کا باہمی فاصلہ 2 فٹ 6 انچ جبکہ فی ایکڑ پودوں کی تعداد17 ہزار5 سو رکھیں،کاشتکار محکمہ زراعت پنجاب کی منظور شدہ اقسام کی کاشت یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکار منظور شدہ بی ٹی اقسام کے ساتھ کم از کم10 فیصدرقبہ نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا نہ ہو سکے، علاوہ ازیں کپاس کی کاشت ترجیحا پٹڑیوں پر کریں جس کے لیے مشینی طریقہ اختیار یا پٹڑیاں بنانے کے بعد ہاتھ سے چوپے لگائیں۔اگرکاشت ڈرل سے کرنی ہو تو قطاروں کا درمیانی فاصلہ اڑھائی فٹ رکھیں اور جب فصل کا قد ڈیڑھ سے دو فٹ ہو جائے تو پودوں کی ایک لائن چھوڑ کر دوسری لائن پر مٹی چڑھا کر پٹڑیاں بنا دیں۔پٹڑیوں پر کاشتہ فصل میں جڑی بوٹیوں کا انسداد آسان، کھادوں کا استعمال بہتر، پانی کی بچت اور بارشوں کے نقصان سے بچت ہوتی ہے۔