مویشی پال حضرات جانوروں باڑوں میں صفائی کا موثر انتظام کریں ،ڈاکٹر محمد افضل

منگل 7 اپریل 2026 10:52

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2026ء) ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات جانوروں كے باڑوں میں مکھیوں اور مچھروں کا موثر کنٹرول بہت ضروری ہے، صفائی کا موثر انتظام کریں اور باڑے میں باقاعدگی سے اسپرے کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے (آج) منگل کو مویشی پال حضرات کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کا موسم آتے ہی مکھیوں کی افزائش عام شروع ہوجاتی ہے ، مکھی اور مچھر زیادہ گندگی والی جگہ پر زیادہ حملہ آور ہوتی ہیں، جانوروں کے باڑوں کی صفائی کا خصوصی طور پر خیال رکھیں اور مچھر مار اسپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش کی وجہ گندا چارہ اور فیڈ،ناقص نکاسی آب، کھڑا پانی، گندگی اور گوبر بنتی ہیں، کنٹرول کرنے کیلئے باقاعدگی سے باڑے میں اسپرے کریں، پانی جمع نہ ہونے دیں، روزانہ کی بنیاد پر گوبر اور فضلہ صاف کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ زہریلی ادویات سے پرہیز کریں، اسپرے کے دوران جانوروں کو دور رکھیں ، دودھ دینے والے جانوروں پر اسپرے کرتے وقت احتیاط سے کام لیں، جانوروں کے زخموں کو صاف اور ڈھانپ کر رکھیں اور باڑے میں مکھی پکڑنے والے جال کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر جانور صحت مند اور پر سکون رہے گا تو دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں قریبی ویٹرنری ہسپتال سے فوری رابطہ یا ہیلپ لائن پر کال کریں۔