صوبائی وزیر خوراک کی زیر صدارت اجلاس

منگل 7 اپریل 2026 22:37

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2026ء) صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت گندم خریداری کے حوالے سے تیاریوں اور آپریشنل منصوبہ بندی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ، ڈائریکٹر خوراک سمیت صوبے بھر کے ضلعی افسران نے شرکت کی، جہاں آئندہ 30 دنوں کے دوران گندم خریداری کے عمل کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ رواں سیزن میں سندھ میں گندم کی متوقع پیداوار تقریباً 4.5 ملین میٹرک ٹن ہے۔ اس موقع پر مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ حکومت سندھ ایک ملین میٹرک ٹن گندم 87.5 ارب روپے کی لاگت سے خریدے گی تاکہ مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے اور صوبے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ صوبے بھر میں قائم 109 پروکیورمنٹ سینٹرز کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور ان کی لوکیشن میپنگ، عملے کی تعیناتی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام انتظامات مراکز کی استعداد کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ خریداری کا عمل بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ہاری کارڈ اور بینکنگ نظام کے ذریعے کسانوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ شفافیت اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے گندم کی سپورٹ پرائس 3500 روپے فی 40 کلو مقرر کی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مارکیٹ ریٹ کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رہے۔باردانہ مینجمنٹ پلان پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہدایت دی کہ فی 50 کلو گندم بوری پر 60 روپے کسانوں کو فراہم کیے جائیں تاکہ خریداری کے عمل کو سہل بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی عملہ تعینات کیا جائے اور ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت متعلقہ افسران کی بروقت پوسٹنگ یقینی بنائی جائے تاکہ انتظامی امور موثر طریقے سے انجام دیے جا سکیں۔ صوبائی وزیر خوراک نے واضح کیا کہ گندم چوری، خوردبرد اور ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

انہوں نے مانیٹرنگ نظام کو مزید سخت کرنے، فیلڈ فارمیشنز کے ذریعے موثر نگرانی، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ گندم کی ترسیل اور اسٹاک کی بروقت ریکنسلی ایشن کو یقینی بنایا جائے جبکہ ڈیجیٹل انوینٹری اور ڈیلی رپورٹس کو لازمی قرار دیا جائے۔ اوپن اسپیس میں رکھی گئی گندم کو ترجیحی بنیادوں پر فوری منتقل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔

شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں ضلعی سطح پر موثر کمپلینٹ ریڈریسل میکنزم قائم کرنے کی ہدایت دی، جس میں محکمہ زراعت، محکمہ خوراک اور آبادگار بورڈ کے نمائندگان شامل ہوں گے تاکہ کسانوں کے مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔ مزید برآں صوبائی وزیر نے گوداموں کی مرمت، صفائی اور فیومیگیشن کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری خوراک خود فیومیگیشن پلان کی نگرانی کریں گے تاکہ گندم کے ذخائر کو محفوظ بنایا جا سکے۔

مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ وہ خود مختلف ڈویژنز اور اضلاع کا دورہ کر کے گندم خریداری کے عمل کی نگرانی کریں گے اور زمینی سطح پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا ریکارڈ میں خامی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ شفاف، موثر اور کسان دوست گندم خریداری نظام کے ذریعے صوبے میں غذائی تحفظ اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنائے گی۔

متعلقہ عنوان :