محکمہ زراعت پنجاب کی بے موسمی بارشوں کے دوران کپاس کے تحفظ کیلئے سفارشات جاری

جمعرات 9 اپریل 2026 21:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکاربے موسمی بارشوں کے دوران کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے فصل میں زیادہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں کیونکہ اس سے نوزائیدہ پودوں کی جڑوں کے سانس لینے اور خوراک بننے کا عمل رک جاتا ہے جس کی وجہ سے گڈیاں اور چھوٹے ٹینڈے گرنا شروع ہو جاتے ہیں اور پیداوار متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

بارش کا پانی کھیت میں 48گھنٹے سے زیادہ کھڑا رہنے سے پودے مرجھا نا شروع ہو جاتے ہیں اس لیے پانی کے نکاس کا فوری بندو بست کریں یا فصل میں کھڑے پانی کو کسی خالی نچلے کھیت میں نکال دیں، اگر کھیت سے پانی نکالنا ممکن نہ ہو تو کھیت کے دونوں کناروں پر تقریبا 10فٹ لمبا، 6فٹ چوڑا اور 5فٹ گہرا گڑھا کھود لیں تا کہ بارش کا پانی ان گڑھوں میں جمع کیا جا سکے۔ ایسے کاشتکار جو کپاس کی کاشت جاری رکھے ہوئے ہیں انہیں چاہیے کہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی موسم کی پیشن گوئی کے مطابق اپنے انتظامات کریں اور بارش ہونے کی صورت میں کپاس کی کاشت وقتی طور پر روک دیں۔

متعلقہ عنوان :