محکمہ زراعت پنجاب کی موسمی حالات کے پیش نظر فصلات کی دیکھ بھال کیلئے سفارشات جاری

اتوار 12 اپریل 2026 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2026ء) محکمہ زراعت پنجاب نے موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر فصلات کی دیکھ بھال کیلئے سفارشات جاری کردیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکارموجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظراپنی فصلوں کا روزانہ معائنہ کرتے رہیں،رواں ہفتہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت معمول کے مطابق رہنے کی پیش گوئی ہے، کاشتکار فصلوں کو گرمی کی شدت سے بچانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی سفارشات پر عمل کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کاشتکار موسم درست رہنے پر گندم پوری طرح پکنے پر کٹائی گہائی کا عمل جلد از جلد مکمل کر کے اس کو محفوظ کر لیں،اس کے علاوہ کپاس کی بھی کاشت جلد از جلد مکمل کر لیں۔ ترجمان نے کہاکہ فیلڈ میں موجود فصلوں و سبزیات کی آبپاشی کا وقفہ کم کر دیں،اس کے علاوہ آم اور ترشاوہ باغات کی آبپاشی کا درمیانی وقفہ بھی کم کر دیں،کپاس کی کاشت کے دوران موسمی پیشن گوئی کو مدِ نظر رکھیں اور کپاس کی اگیتی کاشت کے نگہداشتی امور پر خصوصی توجہ دیں۔ترجمان نے مزید کہاکہ کاشتکار زرعی ایڈوائزری سے باخبر رہنے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کے آفیشل سوشل میڈیا کا باقاعدگی سے وزٹ کریں۔