فضیلہ عباسی کی عبوری ضمانت میں توسیع، گرفتاری سے روک دیا گیا

بدھ 15 اپریل 2026 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2026ء) معروف اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن اور معروف ماہر امراض جلد ڈاکٹر فضیلہ عباسی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 20اپریل تک توسیع کر دی گئی۔بدھ کو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل ہمایوں دلاور نے کی، ایف آئی اے نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کروا دیا۔سماعت کے دوران ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی جانب سے حمزہ علی عباسی کے ساتھ جوائنٹ اکانٹ دوبارہ کھولنے کی درخواست بھی دائر کی گئی۔

پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا ہے تاہم وہ خود پیش نہیں ہوئیں، جس پر ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے مقف اختیار کیا کہ وہ متعدد بار عدالت میں پیش ہو چکی ہیں۔اس موقع پر ان کے وکیل نعیم بخاری نے انہیں عدالت میں خاموش رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وکیل کی موجودگی میں عدالت سے براہِ راست گفتگو نہ کریں، انہوں نے مقف اپنایا کہ ضمانت کے غلط استعمال کا تاثر درست نہیں اور ہائیکورٹ بھی اس بات کی نشاندہی کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق ضمانت پر فیصلہ کرنا ہے اور ملزمہ کا شاملِ تفتیش ہونا ضروری ہے۔بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی گرفتاری سے 20اپریل تک روک دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ آج ہی تفتیش میں شامل ہوں، کیس کی مزید سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔