کاشتکار دھان کی کاشت قبل ازوقت ہرگز نہ کریں،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

اتوار 19 اپریل 2026 18:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) محکمہ زراعت پنجاب کا کہنا ہے کہ کاشتکار دھان کی کاشت قبل ازوقت ہرگز نہ کریں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کاشتکار گندم کی کٹائی کے فوری بعد دھان کی پنیری کی کاشت ماہ اپریل کے اوائل میں شروع کر دیتے ہیں جس سے پولی نیشن نہ ہونے کے سبب نامکمل یا کم دانے بنتے ہیں اور پیداوارمیں کمی واقع ہوتی ہے جبکہ فصل کے اخراجات بھی ضائع ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ اگیتی/قبل از وقت کاشتہ دھان کی فصل تنے کی سنڈی اور دیگر فصلاتی کیڑوں کی افزائش کا ذریعہ بھی بنتی ہے جو بعد ازاں کھڑی دھان کی فصل یا دوسری فصلات پر حملہ آور ہوتے ہیں۔اگیتی کاشتہ فصل کی برداشت ماہ جولائی میں ہوتی ہے اور ان دنوں ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث فصل میں ایفلاٹاکسن پیدا ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں پنجاب ایگریکلچر پیسٹ آرڈیننس 1959 اور ذیلی رولز1960(رول4) کے تحت دھان کی پنیری کی قبل از وقت کاشت قانونا جرم اور ایسی کاشتہ فصل کو محکمہ زراعت پنجاب تلف کرسکتا ہے۔ لہذا کاشتکار دھان کی قبل از وقت کاشت ہر گز نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :