کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے،میاں افتخار حسین

بدھ 22 اپریل 2026 23:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2026ء) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے حکومت کی “تماشا بازی” قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت آئے روز نئے ڈرامے رچا رہی ہے جبکہ عوام کے بنیادی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور آئے روز سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے باوجود حکومت سنجیدہ اقدامات کے بجائے نمائشی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ایک بیان میں میاں افتخار حسین نے سوال اٹھایا کہ اسٹیڈیم میں اسمبلی اجلاس بلانے کا مقصد کیا ہے، جبکہ اسمبلی کارروائی پہلے ہی عوام تک لائیو نشر کی جاتی ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش قرار دیا۔اے این پی رہنما نے مزید کہا کہ اس غیر ضروری فیصلے پر آنے والے اخراجات عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جانے چاہئیں، کیونکہ صوبہ پہلے ہی سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کھیل کے میدانوں کو سیاسی سرگرمیوں کے بجائے کھیلوں کے فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔