وزیر زراعت پنجاب نے موبائل پیسٹ سرویلینس سکواڈ کے قیام کا افتتاح کردیا

بدھ 29 اپریل 2026 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے موبائل پیسٹ سرویلینس سکواڈ کے قیام کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری،سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول،پیسٹ سرویلنیس سکواڈ کے افسران، پلانٹ پروٹیکشن اسسٹنٹس اور متعلقہ عملہ بھی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ کی زراعت کو حقیقی معنوں میں جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت میں جدت لانے کے لیے فراخدلانہ وسائل فراہم کیے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شعبہ پیسٹ وارننگ کے تحت 47 کروڑ روپے کی لاگت سے پیسٹ سرویلینس سکواڈز قائم کیے گئے ہیں جو فیلڈ میں جا کر فصلوں پر کیڑوں اور بیماریوں کے حملوں کی بروقت تشخیص کریں گے اور کاشتکاروں کو موثر کنٹرول کے حوالے سے رہنمائی فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلہ میں ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز میں ان سکواڈز کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ تحصیل کی سطح پر 65گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں جن میں جدید تشخیصی کِٹس موجود ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اس موقع پر بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 105 پلانٹ پروٹیکشن اسسٹنٹس بھرتی کیے گئے ہیں جبکہ سکواڈز کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے کیڑوں اور بیماریوں کے مربوط انسداد کو فروغ ملے گا اور پائیدار، ماحول دوست زراعت کے فروغ میں مدد ملے گی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سید عاشق حسین کرمانی نے موبائل پیسٹ سرویلینس سکواڈز کا باضابطہ افتتاح کیا۔