وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی واجب الادا رقم 5 مئی تک جمع کرانے کی ہدایت، کاشتکاروں کیلئے قیمتی انعامات کا اعلان

جمعہ 1 مئی 2026 17:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی واجب الادا رقم 5 مئی تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔اس سلسلہ میں ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کے تیسرے مرحلے کے تحت بل کی ادائیگی کا عمل جاری ہے اور کاشتکار اپنے ذمہ واجب الادا کسان کارڈ کے بل کی ادائیگی 5 مئی 2026 تک یقینی بنائیں تاکہ وہ بذریعہ قرعہ اندازی بیش قیمت انعامات حاصل کرنے کے اہل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق کسان کارڈ کے بل کی بروقت ادائیگی کرنے والے کاشتکاروں کو نہ صرف قیمتی انعامات جیتنے کا موقع ملے گا بلکہ ادائیگی کے 24 گھنٹے کے اندر اگلے بلا سود زرعی قرضہ کی رقم بھی اُن کے کسان کارڈ میں منتقل کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں 25 اپریل 2026 تک کسان کارڈ کی ادائیگی مکمل کرنے والے کاشتکاروں کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعے ٹریکٹر سمیت دیگر قیمتی انعامات دئیے جا چکے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخ تک اپنی ادائیگی مکمل کریں تاکہ حکومتی زرعی سہولیات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے۔