ایڈز مہلک مگر قابلِ احتیاط مرض، پھیلاؤ روکنے کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا ضروری ہے،ڈاکٹر شکیل احمد

پیر 18 مئی 2026 22:42

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2026ء) سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا ہے کہ ایڈز ایک مہلک مگر قابلِ احتیاط مرض ہے، اسکا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ورلڈ ایڈز ویکسین ڈے منانے کا مقصد ایچ آئی وی،ایڈز کے خلاف تحقیق، ویکسین کی تیاری اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں ورلڈ ایڈز ویکسین ڈے کے موقع پر آ دم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے سائنسدان اور طبی ماہرین ایچ آئی وی وائرس کے مؤثر علاج اور ویکسین کی تیاری کیلئے مسلسل تحقیق کر رہے ہیں جبکہ عوام کو بھی ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص، محفوظ طبی طریقہ کار اور مستند معلومات کے ذریعے اس بیماری کے پھیلاؤ کو کافی حد تک روکا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ایڈز کے مریضوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے کیونکہ ایسے افراد کو ہمدردی، تعاون اور بہتر طبی سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے۔سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شکیل احمد نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے کے بجائے مستند طبی ماہرین سے رہنمائی حاصل کریں۔

منعقدہ سیمینار میں ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف، میڈیکل طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی سیمینار کے اختتام پر رفاہی تنظیم آدم حوا ویلفیئر آرگنائزیشن کی طرف سے شرکاء میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اجتماعی شعور اور احتیاطی اقدامات ناگزیر ہیں۔