این ڈی ایم اے کا 10 تا 15 جون بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابی طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ؛ قراقرم ہائی وے بند ہونے کا خدشہ

کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت، امدادی ادارے الرٹ

بدھ 10 جون 2026 21:50

این ڈی ایم اے کا 10 تا 15 جون بالائی علاقوں میں شدید بارشوں، سیلابی طغیانی ..
 اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی ) نے 10 تا 15 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے شدید خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے 3 سے 4 ماہ قبل جاری کیے گئے پیشگی موسمی جائزے اور ایڈوائزری کے عین مطابق ہے۔

الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ممکنہ طوفانی بارشوں کے باعث مقامی سطح پر اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں اور برساتی آبی گزرگاہوں میں شدید طغیانی آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں میں چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ کے اضلاع میں اچانک فلیش فلڈ (سیلاب) کا خطرہ ہے ،اسی طرح مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ میں مقامی سطح پر ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے جبکہ گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت کے علاقوں میں ندی نالے بپھرنے کا اندیشہ ہے۔

این ای او سی نے خصوصی طور پر 12 تا 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ (پہاڑی تودے گرنی) کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ اس دوران قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ-سکردو روڈ کے مختلف مقامات پر عارضی بندش اور شدید سفری مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ چلاس، بشیداس، تھلپن، شینگس نالہ، شیطان نالہ، چماچو اور ٹورمک نالہ سمیت عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کے پہاڑی ڈھلوانوں والے حساس مقامات پر خطرات میں اضافے کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ شہری علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر نکاسی آب کے نظام اور نالوں کی صفائی فوری طور پر یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت معلومات و الرٹس کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ موبائل ایپ کا استعمال کریں