وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں

بدھ 10 جون 2026 21:48

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں ..
لورالائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر لورالائی ڈویڑن ولی محمد بڑیچ کے احکامات اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لورالائی محب اللہ خان بلوچ کی ہدایت پر میونسپل کمیٹی لورالائی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی اور انسداد تجاوزات مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔

صفائی مہم کے دوران میونسپل کمیٹی کے مختلف زونز میں عملے نے نالیوں کی صفائی، کچرے کی منتقلی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے۔ عجب خان زون میں سردار ہاشم لونی قلعہ کے مقام پر نالیوں کی صفائی کی گئی جبکہ باران زون کے پہاڑی محلہ اور بلوچ کالونی میں بند نالیوں کو صاف کرکے بارش کے پانی کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کام مکمل کیا گیا۔

(جاری ہے)

عبدالخالق زون میں گودی محلہ، لیویز لائن اور پرانے ہسپتال کے اطراف جمع شدہ کچرے کو اٹھا کر علاقے کو صاف کیا گیا۔ اسی طرح سلیم داد ولی کمپلینٹ زون میں دوبی گاٹ محلہ کے نالوں کے مین ہولز کو بند اور مرمت کرکے نکاسی آب کے نظام کو مزید موثر بنایا گیا تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے۔میونسپل کمیٹی کے صفائی عملے نے ٹریکٹر ٹرالیوں اور سوزوکی گاڑیوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں سے کچرا جمع کرکے مقررہ مقامات تک منتقل کیا۔

علاوہ ازیں ماحول کو سرسبز اور خوشگوار بنانے کے لیے شہر کے مختلف شاہراہوں اور عوامی مقامات پر لگائے گئے درختوں کو پانی فراہم کرنے کا عمل بھی جاری رکھا گیا۔دریں اثنائانتظامیہ نے نیو اڈہ کے مقام پر قائم تجاوزات اور ناجائز قبضے کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر کسی قسم کے ناجائز قبضے یا تجاوزات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

میونسپل کمیٹی لورالائی کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لیے صفائی ستھرائی، نکاسی آب، شجرکاری اور انسداد تجاوزات کے اقدامات مستقل بنیادوں پر جاری رکھے جائیں گے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی برقرار رکھنے، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالنے اور شہری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔