روس میں بیرونِ ملک روسی شہریوں کے تحفظ کے لیے فوجی کارروائی کی اجازت دینے والا قانون منظور

منگل 26 مئی 2026 08:46

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2026ء) روس نے بیرونِ ملک روسی شہریوں کے تحفظ کے لیے فوجی کارروائی کی اجازت دینے والا قانون منظور کر لیا۔ شنہوا کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک نئے قانون پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے تحت روسی افواج کو بیرونِ ملک گرفتار یا سزا یافتہ روسی شہریوں کے تحفظ کے لیے کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

روسی قانونی دستاویزات کے سرکاری پورٹل پر جاری بیان کے مطابق، روسی فوج اپنی حدودِ اختیار کے اندر رہتے ہوئے ایسے روسی شہریوں کے تحفظ میں حصہ لے سکے گی جنہیں غیر ملکی عدالتوں یا بین الاقوامی ٹربیونلز کے فیصلوں کے تحت گرفتار، حراست میں یا قانونی کارروائی کا سامنا ہو۔قانون میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اختیار اُن مقدمات پر لاگو ہوگا جن میں روس شامل نہ ہو اور نہ ہی ان عدالتوں کا دائرۂ اختیار کسی ایسے بین الاقوامی معاہدے یا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر مبنی ہو جس میں روس شریک ہو۔روسی حکومت کے مطابق یہ قانون سرکاری اشاعت کے دس روز بعد نافذ العمل ہو جائے گا۔