طیب گوٹھ آتشزدگی کے متاثرین 8 روز بعد بھی حکومتی توجہ کے منتظر ہیں،مرکزی مسلم لیگ

پیر 8 جون 2026 17:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2026ء) گلشن اقبال بلاک 19 کے علاقے طیب گوٹھ میں گزشتہ ہفتے لگنے والی ہولناک آگ کے بعد متاثرہ خاندان آٹھ روز گزر جانے کے باوجود کھلے آسمان تلے شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ تاحال کسی بھی حکومتی نمائندے کی جانب سے مثر امداد یا ریلیف فراہم نہیں کیا جا سکا۔آگ کے نتیجے میں درجنوں جھونپڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں، جس سے مکینوں کا قیمتی سامان اور روزگار کے ذرائع بھی ختم ہو گئے۔

شدید گرمی اور تپتی دھوپ میں متاثرہ خاندان عارضی پناہ گاہوں کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مرکزی مسلم لیگ کراچی ضلع شرقی کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالقیوم نے مقامی ذمہ داران کے ہمراہ متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر متاثرہ خاندانوں نے شکایت کی کہ نہ تو انہیں خیمے فراہم کیے گئے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کی سرکاری امداد یا متبادل رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔

حافظ عبدالقیوم نے متاثرین کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود سرکاری نمائندوں کی عدم موجودگی حکومتی بے حسی اور نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔مرکزی مسلم لیگ پہلے روز سے متاثرہ خاندانوں تک کھانا اور بنیادی ضروریات پہنچا رہی ہے اور آئندہ بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔ متاثرین کی مکمل بحالی تک ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔