سیکرٹری سپورٹس فضل الرحمن کی زیرصدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے اہم اجلاس

پیر 8 جون 2026 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2026ء) سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کی زیرصدارت سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 243 نئے کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈسے سکالرشپ دینے کی منظوری دی گئی۔پیر کے روز پنجاب سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز محمد فہد، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد سمیت پنشن فنڈ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی،سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کو سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 313 کھلاڑی سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے سکالرشپ حاصل کر رہے ہیں، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے اس پروگرام کو مزید وسعت دے رہا ہے، پلاٹینیم کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو ایک لاکھ روپے، گولڈ کیٹیگری 75 ہزار روپے، سلور کیٹیگری 50 ہزار روپے جبکہ ایمرجنگ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے فاتحین اور گریڈ ٹو کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی ایک سال کے لیے سکالرشپس فراہم کی جائیں گی،سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے مستفید ہونے والے تمام کھلاڑیوں کو باقاعدہ بنک کارڈز جاری کیے جائیں گے تاکہ انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات اور مالی معاونت کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ نوجوان کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام ہے، یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کی بھرپور مدد کر رہا ہے، نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور انہیں کھیلوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔