فیفا ورلڈ کپ ، میچ میں خالی نشستوں نے ٹکٹوں کی قیمتوں پر نئے سوالات کھڑے کر دیے

فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے ٹکٹوں کی قیمتوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قیمتیں دیگر بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے برابر ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 13 جون 2026 11:40

فیفا ورلڈ کپ ، میچ میں خالی نشستوں نے ٹکٹوں کی قیمتوں پر نئے سوالات ..
میکسیکو سٹی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جون 2026ء ) فیفا نے جنوبی کوریا اور جمہوریہ چیک کے درمیان ورلڈ کپ میچ میں 44 ہزار 985 شائقین کی موجودگی رپورٹ کی تاہم سٹیڈیم میں بڑی تعداد میں خالی نشستیں دکھائی دینے سے ٹکٹوں کی قیمتوں اور توسیع شدہ ٹورنامنٹ کی طلب سے متعلق خدشات ایک بار پھر سامنے آ گئے ہیں۔
اگرچہ شریک میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے افتتاحی میچ کے لیے ازٹیکا سٹیڈیم میں 80 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے لیکن 46 ہزار نشستوں والے گواڈالاجارا سٹیڈیم میں خالی قطاروں نے فیفا کی تجارتی حکمت عملی پر تنقید کو مزید بڑھا دیا ہے، سٹیڈیم میں موجود بعض شائقین نے خالی نشستوں کی وجہ ٹکٹوں کی بلند قیمتوں کو قرار دیا اور فیفا کے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر تنقید کی۔

(جاری ہے)

 
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے بدھ کو ٹکٹوں کی قیمتوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قیمتیں دیگر بڑے کھیلوں کے مقابلوں کے برابر ہیں۔ 
فیفا کے مطابق ٹورنامنٹ کے لیے 60 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ جیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ طلب توقعات سے "10 گنا یا اس سے بھی زیادہ" رہی ہے تاہم فٹبال سپورٹرز یورپ (FSE) سمیت مختلف گروپوں نے خبردار کیا تھا کہ "انتہائی مہنگی" ٹکٹیں عام شائقین کو میچز دیکھنے سے محروم کر دیں گی۔
ایف ایس ای کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی قیمتیں 2022 کے قطر ورلڈ کپ کے مقابلے میں پانچ گنا تک بڑھ چکی ہیں۔ 
یاد رہے کہ گروپ اے کے اس میچ میں جنوبی کوریا نے جمہوریہ چیک کو 1-2 سے شکست دی۔