تھر فائونڈیشن کے 17 طلبہ چین سے ڈوئل ڈپلومہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

منگل 23 جون 2026 05:10

مٹھی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2026ء) تھر فائونڈیشن کے تعاون سے چین بھیجے گئے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مٹھی کے 17 طلبہ نے ڈوئل ڈپلومہ اسکالرشپ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا اور شاندار تعلیمی نتائج کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئے۔طلبہ نے چین کے صوبہ ہینان میں واقع پنگ ڈنگ شان پولی ٹیکنک کالج میں خصوصی تکنیکی تعلیم حاصل کی۔

کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کی آمد کے موقع پر تھر فانڈیشن، اسٹیوٹا اور ٹینگ انٹرنیشنل کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔طلبہ نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تھر فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ادارے کی مسلسل سرپرستی اور رہنمائی نے انہیں بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔

(جاری ہے)

ڈپلومہ کے آخری سال کے امتحانات میں مٹھی کے ’’شام سندر درزی‘‘نے پہلی، ’’انیل کمار میگھواڑ‘‘نے دوسری جبکہ تھر کول بلاک II کے علاقے تعلقو کی ڈھانی سے تعلق رکھنے والے ’’بھمرو بھیل‘‘نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پوزیشن ہولڈر شام سندر درزی نے کہا کہ چین میں کی گئی محنت کا صلہ انہیں بہترین نتائج کی صورت میں ملا۔ بھمرو بھیل نے اپنی کامیابی کو اپنے خاندان، علاقے اور تھر کے نوجوانوں کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔انیل کمار نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں چینی ثقافت، طرزِ زندگی اور معاشرت کو قریب سے سمجھنے کا موقع بھی ملا، جو ان کے لیے ایک قیمتی تجربہ ثابت ہوا۔

طلبہ کے اہلِ خانہ نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان مستقبل میں اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں گے۔تھر فایئونڈیشن کے جنرل منیجر فرحان انصاری نے طلبہ کی کامیابی کو ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ تھر کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مائننگ ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت چین بھیجے گئے تمام 17 طلبہ کامیابی سے تعلیم مکمل کر کے واپس لوٹ آئے ہیں۔

اسٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام مرتضی شیخ نے پروگرام کو ایک نمایاں کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تھر فانڈیشن اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے مشترکہ تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے تمام طلبہ، والدین اور شراکت دار اداروں کو مبارکباد پیش کی۔استقبالیہ تقریب میں مشتاق وگھیو، جنید انصاری، منصور احمد، چندر پرکاش، عبدالغفار جونیجو، میمونہ جونیجو، عرفان جونیجو سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ماہرین کے مطابق یہ پروگرام تھرپارکر میں تکنیکی تعلیم کے فروغ اور مقامی نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے مستقبل میں روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔