توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دو مجرمان کی سزائے موت کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کل تک ملتوی

منگل 30 جون 2026 17:32

توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دو مجرمان کی سزائے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2026ء) سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی گستاخانہ مواد کی تشہیر میں ملوث دو سزا یافتہ مجرمان کی جانب سے سزائے موت کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کل بدھ تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کودلائل کی تیاری کاموقع دے دیاہے جبکہ مجرمان کے وکیل کی جمعہ تک سماعت کے التواء کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے قیصر ایوب اور آمون ایوب کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کی۔مذکورہ مجرمان کی جانب سے عبدالحمید رانا ایڈووکیٹ جبکہ مدعی مقدمہ محمد سعید کی جانب سے کامران مرتضی ایڈووکیٹ،چوہدری غلام مصطفی ایڈووکیٹ اور ملک طارق محمود ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغازپرچیف جسٹس نے فریقین کے وکلا سے استفسارکیاکہ کیا آپ لوگ دلائل کیلئے تیار ہیں۔فریقین کے وکلا نے جواب میں کہاکہ جی،ہم تیار ہیں اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آج بینچ کے تیسرے فاضل رکن موجود نہیں ۔ہم اس کیس کی سماعت کل تک ملتوی کررہے ہیں۔اس پر مذکورہ مجرمان کے وکیل نے استدعاکی کہ پھر کل کے بجائے جمعہ کو سماعت کر لیں۔جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ بالکل نہیں۔ہم کل اس کیس کی سماعت کریں گے،آج مزید تیاری کر لیں۔بعدازاں سپریم کورٹ میں مذکورہ مجرمان کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت آج بدھ تک ملتوی کردی ۔