اداکارہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں درج مقدمے کی سماعت ملتوی

جمعرات 2 جولائی 2026 13:09

اداکارہ   کو ہراساں کرنے کے الزام میں درج مقدمے  کی سماعت ملتوی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) لاہور کی سیشن عدالت نے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں درج مقدمے میں رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے ملزمہ کو شامل تفتیش ہونے کا ایک اور موقع دے دیا۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے جمعرات کو مقدمے کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سمیرا تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئیں، جبکہ ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں، مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمہ کو شامل تفتیش ہونے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کر دی اور مزید سماعت ملتوی کر دی۔