بالاکوٹ میں ڈمگلہ کے مقام پر طوفانی بارش کے باعث نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ،ٹریفک کی روانی متاثر

جمعرات 9 جولائی 2026 16:46

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2026ء) مانسہرہ، بالاکوٹ میں ڈمگلہ کے مقام پر طوفانی بارش کے باعث نالے میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافے سے متعدد گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق رات گئے ہونے والی طوفانی بارش کی وجہ سے ڈمگلہ کے مقام پر نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 مانسہرہ کے کنٹرول روم نے فوری طور پر ڈیزاسٹر ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو محفوظ طریقے سے نکالا، سڑک کو ٹریفک کے لیے بحال کیا اور صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں لے لیا۔ ریسکیو 1122 مانسہرہ نے عوام سے اپیل کی کہ شدید بارش کے دوران ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔